لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی میزبانی میں 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کا ایک اجلاس(ن) لیگی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز
کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سمیت سینٹ میں ن لیگی خواتین اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز خواتین اراکین قومی، صوبائی اور سینٹ پر برہم ہوگئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ فیصلہ کن ہے اور اس جلسے کے انعقاد کی تیاریوں میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلسے کے انتظامات کی تیاریوں کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین اراکین اسمبلی پر واضح کیا کہ جو اراکین اسمبلی اور سینٹ کام کریں گی۔ انہیں آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کا اجراء کیا جائے گا۔ کام نہ کرنے والی خواتین اراکین اسمبلیوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کون کام کر رہا ہے اور کون نہیں کر رہا وہ سب جانتی ہے۔ وہ پارٹی میں سیلفی گروپ کے بارے میں بھی بخوبی واقف ہیں۔ اجلاس میں مریم نواز نے ہر خاتون رکن کو اپنے ہمراہ سو سو کارکن ساتھ لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی فنڈز جمع نہ کرانے والوں کو خود احساس کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکیلی ہے اور اس کے باوجود وہ ہر معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔