گلگت (این این آئی) گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات میں سب سے سخت اور دلچسپ مقابلہ جی بی ٹو میں دیکھنے میں آیا۔15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں جی بی ٹو میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل
احمد سے صرف دو ووٹوں کے فرق سے الیکشن جیتے لیکن پیپلز پارٹی نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور جیالوں نے دھرنا دیدیا۔دوسری بار ووٹوں کی گنتی ہوئی تو دھرنے پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اس دعوے کے ساتھ خوشی منانا شروع کر دی کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کامیاب ہو گئے ہیں،اب ریٹرننگ افسر کی جانب سے جی بی 2 گلگت 2 کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان 96 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے ہیں۔ریٹرننگ افسر کے مطابق پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان کو 6 ہزار880 ووٹ ملے جب کہ پیپلز پارٹی کے جمیل احمد 6 ہزار 764 ووٹ لے کر کر دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی اے 2 گلگت 2 پر فتح اللہ خان کی کامیابی کے بعد گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔پانچ آزاد امیداروں کی شمولیت کے بعد جی بی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی مجموعی تعداد 14 ہو گئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں صرف حکومت نہیں مضبوط حکومت بنانے جا رہی ہے۔