اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی جیو نیوزکے سینئر رپورٹرعلی عمران سید کے لاپتہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان مچ گیا اور علی عمران سید کو بازیاب کرانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے اور اب یہ مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے جس کے لیے 14ہزار سے زائد لوگ ٹوئٹس کر چکے ہیں۔
اس حوالے سے معروف صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے لکھا کہ جیو نیوز کے صحافی علی عمران سید لاپتہ ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ہی کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج پبلک کی تھی تاکہ پتہ چل سکے کہ کس نے گرفتاری کی۔انہوں نے سوال پوچھا کہ کیا اس پر کوئی انکوائری ہو گی؟اینکر پرسن ارشد شریف نے لکھا کہ علی عمران سید نے آواری ہوٹل کی وہ سی سی ٹی وی چلائی تھی جس میں کیپٹن(ر) صفدر کو گرفتار کرنے والوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ انہیں اپنی صحافتی ذمہ داری نبھانے کے جرم میں غائب کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب سینئر صحافی حامد میر نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مصطفی نواز کھوکھر اس وقت بلاول صاحب کے ساتھ شمالی علاقہ جات میں ہیں انہوں نے آج صبح فون پر مجھ سے علی عمران سید کے متعلق تفصیلات لے کر بلاول صاحب کو بتائیں اور پھر انہوں نے وزیراعلی سندھ سے بات کی ،پولیس ذرائع کے مطابق بہت جلد کچھ حقائق سامنے آنیوالے ہیں۔