اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے گوجرانوالہ جلسے پرمجموعی طور پر2ارب روپے خرچ کیے گئے، سوال یہ ہے کہ کس کے پاس 2ارب روپے ہیں؟کیا یہ ایک پارٹی کے پاس ہیں؟
تجزیہ کار نے کہا کہ ویسے تو ایک ہی پارٹی ہے جس کے لیڈرز کے پاس اتنے پیسے ہیں،بلاول بیچارے کے اکائونٹ میں ابھی تک کچھ نہیں پایا گیا، ان کے والد صاحب کے پاس شاید ہیں،اگر ان سب کے اکائونٹس میں مل کر 2ارب روپے ہوسکتے ہیں تو یہ بہت بڑی رقم ہے۔ظفر ہلالی نے کہا کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، جہاں ان کے کارکن ہیں ، اس کے علاوہ اتنے پیسے خرچ کیے جانا،لیکن اس سب کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ جلسہ کوئی خاص متاثر کن نہیں تھا۔دوسری جانب اپوزیشن نے گوجر نوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے شرکا کی تعداد لاکھوں ہونے کا دعوی کیا ہے جبکہ انٹیلی جنس بیورو نے 40 ہزار اور سپیشل برانچ نے جلسہ گا ہ کے اندر شرکا کی تعداد50 ہزار قرار دی ہے۔روزنامہ جنگ میں ایوب ناصر کی شائع خبر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نا ئب صدر سابق وزیراعظم شا ہد خاقان عبا سی کے ہمراہ موجود ،فیڈرل کیپیٹل کے صدر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راولپنڈی ڈیژن کے صدر
ملک ابرار احمد نے بتایا کہ جلسہ گاہ کے پنڈال میں 50 ہزار لوگ موجودہیں جبکہ اتنے ہی لوگ جنا ح سٹیڈیم کے چاروں طرف موجود ہیں، ان لوگوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے جو راستے بند ہونے کی وجہ سے بڑے بڑے قافلوں کی شکل میں مختلف مقامات پر موجود ہیں۔
آئی بی بیورو کے ایک افسر نے بتایا کہ سٹیڈیم میں 25 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے جبکہ 15 ہزار پنڈال میں کرسیوں پر بیٹھے اور کھڑے تھے ،سپیشل برانچ کے افسر نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد لوگ جلسہ گاہ کے باہر بھی کھڑے رہے۔