اسلام آباد (این این آئی) ترجمان بلاول ہائوس نے واضح کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ابھی تک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بلاول ہائوس کے ترجمان نے سابق صدر کو ہسپتال سے گھر شفٹ ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی ۔ ترجمان کے مطابق صدر آصف زرداری
ہسپتال میں زیر علاج ہیں،ان کی ضروری ٹیسٹوں کے بعد ڈاکٹرز کر زیر نگرانی علاج جاری ہے۔واضح رہے کہ نیب نے 8 ارب روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے منسلک 8 ارب روپے کے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹس گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ان کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نیب کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔واضح رہے کہ سابق صدر نے احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس، ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس اور پارک لین کیس کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی بھی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کی استدعا کو مسترد کردیا اس کے علاوہ انہوں نے احتساب عدالت سے میگا منی لانڈرنگ کیس خارج کرکے اس میں بریت کی بھی استدعا کی ہے۔