اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ میں ردو بدل کی تجویز زیر غور،روزنامہ جنگ میں رانا غلام قادر کی شائع خبر کے مطابق عمر ایوب خان سے پاور ڈویژن لے کر اسد عمر کو دینے کی تجویز ہے۔ عمر ایوب خان پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر رہیں گے۔
کابینہ کی توانائی کمیٹی کے سربراہ بھی اسد عمر ہیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا سربراہ پہلے عمر ایوب خان کو بنایا گیا تھا لیکن بعد ازاں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو یہ سربراہی سونپ دی گئی اور عمر ایوب خان کو کمیٹی کا رکن بنا دیا گیا۔ اپریل 2019میں جب اسد عمر سے وزارت خزانہ واپس لی گئی تھی تو اس وقت بھی وزیر اعظم نے انہیں تو انائی کی وزارت دینے کی پیش کش کی تھی تاہم اسد عمر نے وزارت لینے سے انکار کر دیا تھا۔بعد میں نومبر 2019میں وہ منصوبہ بندی کے وزیر بن گئے ۔ ذ رائع کے مطابق وزیر اعظم سرکلر ڈیٹ میں اضافے اور بجلی چوری کی روک تھام نہ ہونے کی وجہ سے پاور سیکٹر میں جارحانہ اصلاحا ت چاہتے ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ فواد چوہدری کی وزارت بھی تبدیل کی جا سکتی ہے۔وہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر ہیں ۔انہیں وزارت اطلاعات و نشریات کا قلم دان بھی دیا جا سکتا ہے۔ذ رائع کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی کابینہ میں واپسی کیلئے لابنگ کر رہی ہیں ۔