اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں جہاں ایک طرف بارشوں نے تباہی مچائی ہو ئی ہے وہیںبحریہ ٹائون کراچی والے یورپی معیار کے مکانوں شاہراہوں اور دوسرے انفراسٹرکچر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔روزنامہ جنگ میں شائع خبر کے مطابق ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ بحریہ ٹائون کراچی میں بارشوں کا پانی جمع کرنے کیلئے 12ڈیم بنائے گئے ہیں تاکہ بارش اور کسی بھی ممکنہ طوفان میں پانی کے ریلوں کو ضائع کرنے کی بجائے ہر طرح سے محفوظ کیا جا سکے۔
ملک ریاض حسین نے انکشاف کیا کہ حالیہ بارشوں میں ان بارہ ڈیموں میں 16کروڑ 76لاکھ گیلن پانی جمع ہو رہا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بحریہ ٹائون کراچی وسائل کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور انہیں بہتر طریقے سے استعمال کرنا بھی۔ ملک ریاض حسین چیئرمین بحریہ ٹائون نے کہا کہ یہ بارہ ڈیم پانی سے بھرنے والے ہیں یہاں سے پانی بحریہ ٹائون میں گھاس پودوں درختوں اور سڑکوں کی دھلائی کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ ہم پانی ضائع نہیں کرتے بلکہ اللہ کی باران رحمت کو اللہ کی زمین میں ہی جذب کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زبردست ٹائون پلاننگ نکاسی آب کا جدید نظام ہفتے میں ساتوں دن بجلی گیس کی چوبیس گھنٹے فراہمی کی وجہ سے بحریہ ٹائون میں رہنے والے ہمارے پاکستانی بارش کو زحمت نہیں رحمت سمجھ کر اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نکاسی آب کے جدید نظام کی وجہ سے یہاں نہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہوا نہ ہی گٹر ابلے بلکہ صاف ستھری سڑکیں بارش میں مزید دھل گئیں۔ ہر سہولت رہائشیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے مسلسل فراہم ہوتی رہی۔ پانی کی بہترین ڈرینج کے باعث بجلی کی فراہمی بھی مسلسل جاری ہے۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ بحریہ ٹائون کراچی میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مون سون کی بارشیں اپنے ساتھ لاتعداد رحمتیں اور خوشگوار موسم لیکر آئی ہیں۔
جس سے یہاں کے مکین لطف اندوز ہو رہے ہیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ کسی بھی موسم یا بارشوں سے متاثر ہوئے بغیر پورا سال بحریہ ٹائون کے رہائشیوں تک تمام سہولیات اور ضروریات مکمل طور پر پہنچائی جاتی ہیں اب چاہے وہ سکول ہوں کالج ہوں دفاتر ہوں ہسپتال ہوں پارکس ہوں سینی گولڈ سینما ہو یا کارنیوال بارش یا کوئی اور موسم بحریہ ٹائون کے رہنے والوں کیلئے کسی پریشانی کا باعث نہیں بنتا۔