لاہور (آن لائن) گزشتہ دو سال سے ریاست مدینہ کی طرز حکومت کا دعویٰ کرنے والی بزدار سرکار نے صوبے بھر کے سرکاری محکمہ جات کے ملازمین کا جی پی فنڈ بمعہ سود حکومتی معاملات پر خرچ کردیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے حکومت کے اس اقدام کی باقاعدہ تصدیق کردی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے اپنے شدید مالی بحران کی وجہ سے 102 ارب روپے مالیت کا جی پی فنڈ مالی اداروں سے شرح سود سمیت وصول کیا۔
جسے پنجاب حکومت نے ایجوکیشن اور صحت سمیت انتظامی امور پر خرچ کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کا جی پی فنڈ پنجاب حکومت ان کی تنخواہوں سے ماہانہ بنیادوں پر کاٹتی ہیں اور اس مد میں اربوں روپے کی رقم سرمایہ کاروں اداروں میں رکھ کر اس پر سود بھی حاصل کرتی ہے جبکہ اخلاقی طور پر اس جی پی فنڈ کو سرکاری ملازمین کی امانت سمجھا جاتا ہے۔ جسے ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر یا ان کو پیش آنے والی ضرورت پر انہیں ادا کیا جاتا ہے۔