اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے کہا ہے کہ دو شعبوں میں تعلیمی اداروں کو کھولنا بنیادی چیلنج ہے ،تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کے بعد کیا جائیگا۔
جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا ملک میں تعلیمی ادارے کھولنے پر یک نکاتی ایجنڈہ پر اجلاس ہواجس میں مدرسہ، پرائیویٹ سمیت تمام تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو اجلاس میں دعوت دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے ،آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے نمائندے بھی اجلاس میں وڈیو لنک پر موجود تھے،اجلاس سکول یونیورسٹیز سمیت تعلیمی ادارے کھولنے پر مشاورت کی گئی،فورم نے شرکاء کو کورونا کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا،شرکاء کو تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد رسک اور چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔ شفقت محمود نے کہاکہ دو شعبوں میں تعلیمی اداروں کو کھولنا بنیادی چیلنج ہے ، تعلیمی ادارے کھولنے کے کیا انڈیکیٹرز ہیں اور صحت کے کیا حفاظتی اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ شفقت محمود نے کہاکہ حفظان صحت کے لئے ماسک ، سماجی دوری اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدامات یقینی بنائیں۔ شفقت محمود نے کہاکہ تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے اور ان پٹ کے بعد کیا جائیگا۔