اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے قدیم ترین دفاعی تھنک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ تنازع کو ٹھنڈا کرنے کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دیدیا۔
روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی شائع خبر کے مطابق تجزیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل باجوہ کے گزشتہ ہفتے دورہ سعودی عرب میں سعودی حکام کو یقین دہانی کرائی گئی کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات قائم رہیں گے۔ جنرل باجوہ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تعلقات کو حقیقت پسندانہ بنایا ہے جس میں دونوں ملک تاریخ اور نعروں سے آگے بڑھ کر ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل باجوہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو ذاتیات اور ون مین شو سے ہٹا دیا ہے جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں سعودی ادارے کے ماتحت پہلی نجی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اگر اس تناظر میں دیکھا جائے تو ایک ارب ڈالرز کی واپسی ، پاکستان میں 20 ارب ڈالرز کی نجی سعودی سرمایہ کاری کے مقابلے میں معمولی معلوم ہوتی ہے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کی وجہ سے دونوں ممالک میں تنائو پیدا ہو گیا تھا۔