اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مند رکی تعمیر ، وزیر اعظم نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی اور مشاورت حاصل کرنے کی ہدایت کردی ، نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی اور اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور نے مندر کی تعمیر کے معاملے کی حساسیت اور مذہبی و سیاسی حلقوں کی جانب سے آنے والے ردعمل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ ہندو ایم این ایز نے 2017 میں عبادت گاہ کی تعمیر کے لیے ہیومن رائٹس کمیشن میں درخواست دی تھی، وزارت انسانی حقوق کی درخواست پر سی ڈی اے نے 2017 میں ہی مندر کیلئے جگہ الاٹ کی، اقلیتی ارکان پارلیمنٹ نے وزارت مذہبی امور کو بھی مندر کی تعمیر کیلئے فنڈ زکی درخواست کی تھی ۔یاد رہے کہ مندر کی تعمیر کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سمیت بہت سی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے اپنے تحفظات کااظہار کیا تھا۔