اسلام آباد ( آن لائن)وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ملک بھر میں ایس او پیز پر عملدرآمدکیلئے بڑا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے تمام صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں،خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر حکومت کو تشویش ہے اور عوام کو وباء سے بچانے کیلئے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے ،ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں وفاقی حکومت نے ملک بھر میںایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے،ا یس او پیز پر عمل درآمد کر کے ہی کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے تمام صوبوں سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی،اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں وفاقی حکومت کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔دوسری جانب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں لاک ڈاؤن کے ایس اوپیز فالو نہ کرنے پر مارکیٹں بند کی جائیں گی ، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت میں ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے،عید کے بعد کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس پر تشویش ہے ۔