لاہور(آن لائن) بھارت سے پاکستانی سفارتکار واپس وطن پہنچ گئے ۔ بھارتی حکومت نے پاکستانی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر 24 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ پاکستانی سفارتکار عابد حسین اور طاہر خان اپنے اہلخانہ کے ہمراہ واہگہ بارڈر سے لاہور پہنچ گئے ۔
بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کو حراست میں بھی لیا گیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا ۔ بھارت نے پاکستانی سفارتکاروں پر ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات بھی عائد کئے ۔ پاکستان حکومت نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر بھارت سے سخت احتجاج کیا متعلقہ سفارتکاروں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا اور پولیس کی سکیورٹی میں ان کو گھر بجھوایا گیا ۔ترجمان پاکستان وزارت خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اس قسم کی حرکتیں سوچے سمجھے پروپیگنڈا مہم کے تحت کرتا ہے ۔ بھارت کی یہ حرکتیں ویانا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے تاہم پاکستان بھارت کے تمام تر بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے ۔ بھارت اپنی ایسی حرکتوں سے دونوں ملکوں میں سفارتی تعلقات کو مزید محدود کرتا جا رہا ہے ۔