اسلام آباد (این این آئی)حکومت پاکستان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم جون سے اندرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اندرون ملک پروازوں کی تعداد 20 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد تک کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں اضافہ بزنس اور عوام کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اندرون ملک پروازوں کی اجازت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے لیے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن معطل تھا تاہم حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد محدود پیمانے پر فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے۔