اسلام آباد (این این آئی)آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم فاروق سمیت چاروں صوبوں کے عہدیداران شوگر اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ،شوگر اسکینڈل کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء اور اراکین نے بیانات قلمبند کیے۔ذرائع کے مطابق اسلم فاروق کے علاوہ شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا کے صدور بھی ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں موجود تھے۔ذرائع کے مطابق کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء اور ممبران گوہرنفیس، احمد کمال، بلال رسول، ماجد حسین اور بشیراللہ شوگر ملز ایسوسی ایشن
کے رہنماؤں کے بیانات قلم بندکئے۔ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے سبسڈی لینے،چینی کی درآمد اور قیمت میں اضافے سے متعلق سوالات کیے۔ذرائع کے مطابق عہدیداران سے ٹیکس چرانے، بینامی ٹرانزیکشن، غیر رجسٹرڈ ایجنٹس اور مڈل مین کے کردار کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی شوگر کمیشن کے اراکین سے ملاقات دوپہر دو بجے تک جاری رہی۔ذرائع کے مطابق کمیشن نے کل زیرتحقیق شوگر ملز کے سی ای اوزکو بھی بلایا ہے۔