اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی سی اجلاس میں 6 فیصلے ہوئے،کچھ معاملات پر صوبوں سے اتفاق نہیں ہوا ،وزیراعظم چاہتے تو آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے فیصلے مسلط کرسکتے تھے ، ایسا نہیں کیا۔ جمعرات کو وزیر اعظم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ بار بار کہا جاتا ہے کہ معیشت زیادہ ضروری ہے یا انسانی زندگی زیادہ اہم ہے۔اسد عمر نے کہا کہ این سی سی اجلاس میں مختلف تجاویز دی گئیں اور 6 فیصلے کیے گئے، کچھ معاملات پر
صوبوں سے اتفاق نہیں ہوا وزیراعظم چاہتے تو آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے فیصلے مسلط کرسکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹی مارکیٹوں، محلوں و دیہی علاقوں کی دکانیں جہاں کوئی بڑا ہجوم جمع نہیں ہوتا انہیں کھولنے کی اجازت دے دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سحری کے بعد فجر سے لے کر شام 5 بجے تک چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ خوراک اور ادویات کے علاوہ ہفتے میں 2 روز تمام چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی مخصوص او پی ڈیز کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔