اسلام آباد (این این آئی)وزارت خارجہ میں گریڈ 18 کے افسر کو ڈسپلن کی خلاف وزری اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔نجی ٹی وی نے وزرات خارجہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری وقار احمد نے سفارت خانے میں صفائی کرنے والی مقامی ملازمہ کوہراساں کیا، پھر اس کے خلاف عداوت پر اتر آئے اور آخر کار ملازمہ کو نوکری سے ہی نکال دیا۔اعلامیے کے مطابق وقار احمد نے سنگین بداخلاقی، بدسلوکی، عہدے کے ناجائز استعمال
، سروس ڈسپلن اور افسرانہ شرافت و اوصاف کے برعکس عمل کا مظاہرہ کیا۔وزارت خارجہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گریڈ 18 کے وقار احمد پر سفارت خانے کی ملازمہ کو ہراساں کرنے، عہدے کے ناجائز استعمال، عداوت پر اترنے اور پھر ملازمہ کو نوکری سے فارغ کرنے کا جرم ثابت ہونے پر سیکرٹری خارجہ نے انہیں نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر پرسنل آصف خان کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وقار احمد کی برطرفی گورنمنٹ سرونٹس ڈسپلن رولز کے تحت فوری طور پر عمل میں لائی گئی ہے۔