اسلام آباد ( آن لائن ) ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اور سماجی کارکن فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ دوسری مرتبہ بھی مثبت آگیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق 27اپریل کو فیصل ایدھی نے دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیصل ایدھی میں اب بھی کورونا وائرس موجود ہے۔ڈاکٹروں نے سماجی کارکن فیصل ایدھی کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اب چند روز بعد ان کا ٹیسٹ دوبارہ کرایا جائے گا۔فیصل ایدھی ان دنوں اسلام آباد میں مقیم ہیں۔فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے بتایا ہے کہ والد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہیں تاہم ابھی تک ان کی کو رونا کی کو علا مات ظاہر نہیں ہو ئی پھر بھی ان کو اسلام آباد میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔واضح رہے کہ فیصل ایدھی کا کورونا کا پہلا ٹیسٹ مورخہ20 اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ ٹیسٹ سے پہلے فیصل ایدھی کو ہلکے بخار اور نزلے کی شکایت تھی۔فیصل ایدھی کئی دنوں سے کورونا کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں تھے تاہم ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک فیصل ایدھی کی طبیعت بالکل ٹھیک بتائی جا رہی تھی۔قبل ازیں فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی کورونا کا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جس کے نتیجہ منفی آیا۔