کراچی (نیوز ڈیسک) آٹے اور چینی کے مصنوعی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آگئی ، وزیراعظم عمران خان گندم اور چینی بحران کے ذمہ داران کو سزا دینے کا وعدہ کرچکے ہیں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ خسرو بختیار اور جہانگیر ترین اس بحران میں ملوث نہیں ہیں۔قومی موقر نامے میں شائع رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ قیمتوں کے مصنوعی اضافے کے ذمہ داروں کی
نشاندہی اور ان کو سزادلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، 14فروری کو وزیراعظم ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ مہنگائی کی تحقیقات کررہے ہیں، وجوہات سامنے لائینگے،گندم اور چینی کے بحران میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیںہے۔انہوں نے تھا کہا کہ ہم مہنگائی کی تحقیقات کر رہے ہیں،آٹے اور چینی کے معاملے کی انکوائری ایف آئی اے ، آئی بی اور انٹی کرپشن کر رہے ہیں ، میں نے پہلی رپورٹ واپس کردی ہے ۔ ہم تمام وجوہات عوام کے سامنے لائینگے حکومت کی کیا کو تاہی ہے، دوسرے لوگوں کا کیا ہاتھ ہے ، ہم آئندہ ایسا نہیں ہونے دینگے۔اسی طرح24فروری کو ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کو یقین دلایا تھا کہ وہ قیمتوں کے مصنوعی اضافے کے ذمہ داروں کی نشاندہی اور ان کو سزادلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔15فروری کو وزیراعظم ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہنگائی کرنے والوں کیخلاف تحقیقات جاری ہے، پیسہ بنانیوالوں کو نہیں چھوڑوں گا۔