اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ (ن )لیگ کی قیادت شہباز شریف کریں گے کیونکہ وہ پارٹی کے صدر ہیں ،کرونا وائرس کی صورت حال تشویشناک ہے حکومتی اقدامات غیر تسلی بخش ہیں ۔جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ،
جس میں ملکی سیاسی صورتحال ،کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا (ن )لیگ نے حکومتی اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کے مسئلے کو ایوان میں بھر پور انداز میں اٹھایا جائے گا ،اجلاس میں میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کی مذمت کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرونا وائرس کا مسئلہ قومی مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری قابل مذمت ہے اسے پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔اس موقع پر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ حکومت کرونا کے خلاف اقدامات نہیں کر پائی ،انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت شہباز شریف ہی کریں گے۔مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عوامی ایشوز کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔