اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ موبائل سمز کو بند کیا جا سکتا ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ موبائل آپریٹرز کو اختیار حاصل ہے کہ وہ ایسی سمز کو بلاک کر دیں جن پر گزشتہ چھ ماہ کے دوران کسی قسم کی کال، پیغام یا انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال نہ ہوا ہو۔ واضح کیا گیا ہے کہ 180 دن تک مکمل طور پر غیر فعال رہنے والی سمیں اس کارروائی کی زد میں آئیں گی۔
اتھارٹی کے مطابق، ایک بار سم بند ہونے کے بعد وہ نمبر دوبارہ مارکیٹ میں کسی دوسرے صارف کو الاٹ کیا جا سکتا ہے۔ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر جاری تنبیہی پیغام میں کہا ہے کہ نمبر دوبارہ جاری ہونے کی صورت میں سابق صارف کا اس پر کوئی قانونی حق یا دعویٰ باقی نہیں رہے گا۔پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سمز کو باقاعدگی سے استعمال میں رکھیں تاکہ بلاک ہونے سے بچا جا سکے۔















































