راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن پر ہے۔اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مراکش کا 4 روزہ دورہ کیا اور مراکش کے وزیر دفاع عبد الطیف لاوڈی سے ملاقات کی۔
مراکش کی فوج کے جنرل عبدالفتح لورک بھی ملاقات میں موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان انسداد دہشتگردی کے شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور مراکش کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور مشترکہ ٹریننگ پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع، سیکیورٹی تعاون پر بات ہوئی اس کے علاوہ علاقائی تعاون اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل کالج ہائر ملٹری ایجوکیشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی ماحول اور اس کے چیلنجز پر بات کی۔آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور دنیا کے امن کے لیے قربانیاں دیں،پاکستان مراکش کے ساتھ مشکل وقت میں ہمیشہ کھڑا رہے گا۔