اسلام آباد (آن لائن)چین کے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ہمیں یہاں سے نکالیں۔ووہان میں پھنسی پاکستانی طالبہ حفصہ طیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے تو ہم پریشان تھے لیکن اب پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے ہم سے رابطہ کرلیا ہے۔
پاکستانی حکومت اور سفارتخانہ ہم سے بہت تعاون کر رہا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ حکومت مدد کو پہنچی ہے، دوسرے ممالک کے سفارتخانے اپنے لوگوں کو ووہان سے نکال رہے ہیں۔طلبہ کا کہنا ہے کہ ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طلبہ موجود ہیں، ایک بھی پاکستانی طالب علم متاثر ہوا تو سب کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ سے متعلق دفترخارجہ اور پاکستان کے مشنز الرٹ ہیں، پاکستانیوں سے تعاون کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی پاکستانی طالب علم متاثر نہیں ہوا ہے۔واضح رہے کہ چین میں مزید769 مریضوں میں مہلک وائرس کی تشخیص کے بعد کروناوائرس کے کیسز کی تعداد 2744 ہوگئی۔چین میں مہلک وائرس سیاب تک80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکا میں مہلک کرونا وائرس کے5 مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔ کیلی فورنیامیں2، ایری زونا، الینوئیاورریاست واشنگٹن میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔ حکام کے مطابق تمام مریضوں نے چین کے متاثرہ شہرووہان کادورہ کیاہے۔