چارسدہ(آئی این پی) اپوزیشن رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان درانی نے انکشاف کیا ہے ان ہاؤس تبدیلی کی بات پکی، تین مہینے کیلئے عبوری حکومت قائم ہو گی اور انتخابی اصلاحات لا کر چھ مہینے کے اندر نئے انتخابات ہونگے۔
فیصل واڈا نے ٹالک شو میں عمران خان کی ایما ء پر آرمی چیف کی بے عزتی کی۔ انتخابی اصلاحات میں فوج کے کر دار اور مداخلت کو ہر صورت ختم کیا جائیگا۔ وہ چارسدہ میں سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق کی والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اکرم خان درانی کا مزید کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ نے ایک نا اہل شخص کو قوم پر مسلط کرکے بڑی زیادتی کی۔ نااہل وزیر اعظم نے ملک کو ہر لحاظ سے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ملک کی معیشت تباہ حال ہے۔ غریب عوام کاجینا مشکل ہو رہا ہے۔ عمران خان کی نا اہلی کے قصے کہانیاں زبان عام پر ہے اور اب تو اتحادی سمیت ان کے اپنے وزراء بھی عمران خان کی نا اہلی کی باتیں کر رہے ہیں۔ زن و زور پر لائی ہو ئی نا اہل حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آزادی مارچ کے دوران ذمہ دار لوگوں نے مولانا فضل الرحمان کیساتھ وعدے وعید کئے ہیں اور اس کے مطابق تین مہینے کے اندر اندر ان ہاؤس تبدیلی لاکر عبوری حکومت قائم کی جائیگی جس میں اپو زیشن بھی شامل ہو گی۔