اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اے پی ایم ایل کی جنرل سیکرٹری مہرین ملک نے کہاہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے سے پرویز مشرف کو بہت زیادہ ذہنی دھچکا لگا ،ایک انٹرویو میں مہرین ملک کا کہناتھا کہ سابق صدر کے معالج نے سزائے موت کی خبر ان سے چھپانے کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سابق صدر کی خراب صحت ہے، لیکن نیوز چینلز اور اخبار سے پرویز مشرف کو سنگین غداری کی خصوصی عدالت کے فیصلے کا علم ہو گیا۔
جس سے انہیں بہت زیادہ افسوس ہوا۔سابق آرمی چیف بہت زیادہ بیمار ہیں اور یہاں تک کہ وہ چل پھر بھی نہیں سکتے ہیں اور طبیعت خراب ہونے کی صورت میں انہیں ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لایا جاتاہے ،اس وقت پرویزمشرف کی کیموتھراپی چل رہی ہے ۔پرویز مشرف کی صحت انہیں اجازت دے تو وہ فوراً پاکستان واپس آئیں گے، پرویز مشرف اپنی والدہ کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ ان کا بیٹا اور بیٹی بھی اکثر اوقات آتے ہیں۔