اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے سکھوں کے لئے کرتار پور راہداری 9 نومبر کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مذہبی مقامات کیلئے سیاحت عروج پر ہے،کرتارپور سکھ برادری کے لیے سب سے بڑا مذہبی مرکز ثابت ہو گا۔
یہ منصوبہ مقامی معیشت کے لیے کلیدی اور ملک کے لیے زرمبادلہ کا ذریعہ ہو گا، اس سے سیاحت اور میزبانی سمیت کئی شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری منصوبے سے متعلق اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات کے لیے سیاحت عروج پر ہے، بدھ مت کے پیروکار بھی پاکستان میں مختلف مذہبی مقامات پر آتے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پوری دنیا کی سکھ برادری کے لیے دروازے کھولنے جا رہا ہے، کرتارپور منصوبے کا تعمیراتی کام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا، راہداری کو 9 نومبر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ جس کے بعد سکھ برادری سب سے بڑے گوردوارے کی زیارت کر سکے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور دوسرے ملکوں سے سکھ دنیا کے سب سے بڑے گوردوارے کی یاترا کریں گے، کرتارپور سکھ برادری کے لیے سب سے بڑا مذہبی مرکز ثابت ہو گا، یہ منصوبہ مقامی معیشت کے لیے کلیدی اور ملک کے لیے زرمبادلہ کا ذریعہ ہو گا، اس سے سیاحت اور میزبانی سمیت کئی شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔