اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طیب اردوان، مہاتیر محمد سے ملاقات میں انگریزی چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا انگریزی چینل مسلمانوں کی نمائندگی کرے گا، انگریزی چینل کا مقصد اسلامو فوبیا کے خلاف لڑنا بھی ہے۔یاد رہے یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاکستان، ملائشیا اور ترکی نے مشترکہ انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا مشترکہ چینل پر مسلمانوں کی تاریخ پر پروگرام اور فلمیں پیش کی جائیں گی، چینل کا مقصد عالمی میڈیا میں مسلمانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، مشترکہ چینل ہمارے مذہب کی صحیح ترجمانی کرے گا۔دریں اثناوزیراعظم عمران خان نے ’ اسلامو فوبیا‘ کے خلاف ملائیشیا اور ترکی کے ساتھ مل کر مشترکہ انگریزی چینل کھولنے کے لیے ہونے والی میٹنگ کی تصویر جاری کردی۔ٹوئٹر پر جاری تصویر وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کی ہے۔