اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں سعودی فورسز کیخلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا ، سعودی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، حوثی باغیوں کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی فورسز کو لڑائی میں زبردست نقصان ہوا ، کئی سینئر فوجی عہدیداروں کو حوثی باغیوں نے گرفتار کرنے اور ہتھیاروں کا
بڑا ذخیرہ اور بکتر بند گاڑیوں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حوثی ترجمان یحیٰ ساری کا کہنا ہے کہ دشمن فوج کی تین بریگیڈز نے پسپائی اختیار کی، حملے میں میزائل، ڈرون اور طیارہ شکن گن استعمال کی گئیں۔ حوثی باغیوں نے اس آپریشن کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں مبینہ طور پر سعودی بکتر بند گاڑیوں پر حوثی باغی دیکھے جا سکتے ہیں اور وہ اللہ اکبر کے نعرے لگا رہے ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔