اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹانے کا دعویٰ کر دیا۔انڈیا ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی حکومت نے ہفتے کی صبح مقبوضہ کشمیر کے 22 اضلاع، جہاں 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد حالات کشیدہ تھے، سے پابندیاں ہٹا لی ہیں۔بھارت نے دن کے اوقات میں کشمیریوں پر عائد کی جانے والی پابندیوں اور کرفیو میں نرمی کر دی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جموں اور لداخ کے علاقوں میں تو پہلے سے ہی کوئی پابندی نہیں تھی ۔ پابندیاں صرف کشمیر کے پرتشدد علاقوں میں عائد کی گئیں جنہیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی حکومت نے مقامی اسٹیبلشمنٹ کو وادی میں تمام اسکول کھولنے اور وادی کو آہستہ آہستہ مین اسٹریم میں لانے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے گزشتہ شب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھا یا تھا۔