رحیم یار خان (این این آئی)اے ٹی ایم مشین سے کارڈ چوری کرنے والے ملزم صلاح الدین کی قبر کشائی کی گئی۔صلاح الدین کی قبر کشائی اس کے والد کی جانب سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے عدالت میں دائر درخواست پر کی گئی ہے۔عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عارف کی نگرانی میں میڈیکل ٹیم گوجرانوالہ کے گورالی قبرستان پہنچی اور صلاح الدین کی قبر کشائی کی اور پوسٹ مارٹم کیلئے
نمونے حاصل کئے گئے۔واضح رہے کہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے صلاح الدین کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ چوری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کیمرے کو دیکھ کر منہ بناتا ہوا بھی دیکھا جاسکتا تھا۔صلاح الدین کو ویڈیو منظر عام پرآنے کے کچھ روز بعد رحیم یار خان میں پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، تاہم یکم ستمبر کو مبینہ طور پر پولیس تشدد سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔