واشنگٹن /اسلام آباد(آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا بہت بڑی بات ہے،برطانیہ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کویت نے بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کا اجلاس ہونے سے روکنے کی پوری کوشش کی لیکن اس اجلاس کا ہونا اس بات کی تائید ہے کہ کشمیر ایک عالمی تنازع ہے،اس مرحلے کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان تمام اقدامات اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اقوام متحدہ کے ممبران نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، جس کو اب پاکستان آگے لے کر جائے گا ۔