واشنگٹن(آن لائن) سابق امریکی نائب وزیرخارجہ رچرڈ باؤچرنے کہا ہے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنیکا بھارتی اقدام بدترین اور تاریخ کو مٹانے کی کوشش ہے۔ امریکی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں حقیقتا مارشل لا لگا دیا ہے۔
بھارت کا یہ اقدام کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کو سلب کرنے کی کوشش ہے۔سابق امریکی نائب وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے افغانستان میں امن کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو درپیش مشکلات کا حل نکالے گی۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اراکین سلامتی کونسل اپنی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیر پر بحث کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام عالم اب کشمیر میں ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی اقدامات نے خطے میں خطرناک صورتحال پیدا کردی ہے۔ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ پوری وادی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگانا ہی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھارتی اقدامات غیر قانونی ہیں۔