سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے مسلسل دوسرے روز بھی کرفیواور دیگر سخت پابندیاں عائد کرکے پورے جموں وکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے جہاں بھارتی فورسز کو بھاری تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرمیں تمام تعلیمی ادارے بند جبکہ انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں ۔ وادی کشمیر کے باشندوں کا باقی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے جبکہ مقامی اخبارات اپنے آن لائن ایڈیشنز
کو بھی اپ ڈیٹ نہیں کرسکے ہیں۔ کرفیو اوردیگر پابندیوں کی وجہ سے زیادہ تر اخبارات شائع نہیں ہوسکے۔ علاقے میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قلت شروع ہوگئی ہے اور لوگوں کو بچوں اور مریضوںکے لیے دودھ اور ادویات کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ پابندیوں کی وجہ سے تاجر برادری کوبھی شدید نقصان اٹھا نا پڑرہا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے تجارت بند ہوجانے کے باعث انہیں نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔