اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے اور تنظیم بزمِ ریاض کے اشتراک سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ نئی حکومت پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرے گی اور جلد پاکستان دنیا میں بڑی معاشی طاقت بن کر ابھرے گا۔ پاکستان میں جمہوریت نشوونما پا رہی ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنے ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ جن ممالک میں امن و استحکام ہو ان کی معاشی
صورتحال یقیناًبہتر ہوتی ہے۔ پاکستان میں بھی اب امن و استحکام کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے اور ہمارا ترقی کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی ملک کا سفیر ہے، لہٰذا آپ میں سے ہر ایک کو چاہیے کہ بیرون ملک رہتے ہوئے اعلیٰ اخلاق اور اقدار کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک کا صحیح تشخص اجاگر ہو سکے۔پاکستانی دنیا میں اپنی جانفشانی اور حیران کن صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ میں سعودی عرب یا دنیا میں جہاں بھی جاتا ہوں اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے۔