راولپنڈی(سی پی پی )نندی پور پاور سکینڈل کی تحقیقات میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے۔ بابراعوان نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے نندی پور منصوبے میں تاخیر سے متعلق تمام الزامات مسترد کر دیے۔تفصیلات کے مطابق نندی پور پاور سکینڈل کی تحقیقات میں پاکستان تحریک انصاف حکومت کے مشیر بابراعوان نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے۔ نیب راولپنڈی نے 3 گھنٹے تک بابر اعوان سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ
نیب حکام نے سوال کیا کہ پیپلزپارٹی دور میں آپ وزیرقانون تھے، اس دوران نندی پور منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ کیا آپ منصوبے میں تاخیر کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں؟ بابراعوان نے جواب میں کہا کہ بحیثیت وزیر قانون انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ منصوبے کی تاخیر سے میرا کوئی تعلق نہیں، تمام الزامات مسترد کرتا ہوں۔واضح رہے کہ بابراعوان کے بیان کے بعد نیب اپنی رپورٹ دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔