اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا اور اسے بعد میں سنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہم سزا معطلی کی درخواستوں پرمناسب فیصلہ جاری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب
کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے بعد عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ محفوظ کرنے سے پہلے چھ ججز نے مشاورت کی۔ تاہم عدالت نے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اس موقعے پرفیصلہ دینے کا مطلب ہوگا کہ بنچ نے درخواست گزار کو فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ دوسرے فریق کا کیس متاثر ہو، انہوں نے کہا کہ کیس کو باریک بینی سے دیکھنا ہوگا۔