راولپنڈی (آن لائن) اڈیالہ جیل میں بند سزا یافتہ نا اہل سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل میں اپنے سیل کے اندر تنہا بیٹھ کر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا قوم سے خطاب سنا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں اپنے مستقبل کے جن منصوبوں کا ذکر کیا ان کی تفصیلات جان کر نواز شریف افسردہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں ان کے سیل میں ٹی وی کی سہولت حاصل ہے تا ہم صرف اس پر پی ٹی وی کی نشریات ہی دکھائی دیتی ہیں۔ نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر خاموشی اور انتہائی غور سے سنی ۔ اس دوران
ان کے چہرے پر حزن و ملال کی کیفیت طاری رہی ۔ یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے عمران خان نے اپنے خطاب میں پاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے جن اقدامات کا ذکر کیا وہ نواز شریف کو اس محرومی کا احساس دلاتے رہے جس وژن کا مظاہرہ عمران خان نے اپنی تقریر میں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب ختم ہونے کے باوجود میاں نواز شریف ’’ ٹک ٹک دیدم ، دم نہ کشیدم‘‘ کی تصویر بنے مسلسل ٹیلی وژن کو گھورتے رہے اور انہیں احساس ہی نہ ہو سکا کہ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب ختم ہو چکا ہے۔