واشنگٹن (این این آئی) امریکہ نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات کی نفی کرتا ہے کہ امریکہ مذکورہ انتخابات سے ناخوش ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہتے ہیں ٗیہ اس بات کی نفی کرتا ہے کہ واشنگٹن مذکورہ انتخابات سے نا خوش ہے۔
اس سے قبل ایک سینئر امریکی عہدیدار کی جانب سے جاری بیان میں اس اْمید کا اظہار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت امریکا کے ساتھ تمام مشکل معاملات کے حوالے سے کام کریگی جن میں مشترکہ کامیابی کے مسائل بھی شامل ہیں۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے کہا کہ ہم عمران خان کو وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔خیال رہے کہ اس قسم کے معاملات پر اکثر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے معمول کے دنوں (ورکنگ ڈے) میں بیان جاری کیا جاتا ہے تاہم ہفتے کے روز عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم حلف برداری کی تقریب کے باعث اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے تعطیل کے دن بیان جاری کیا۔امریکا کی جانب سے کہا گیا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 70 سال سے قائم تعلقات انتہائی اہم ہیں، پاکستان اور خاص طور پر خطے میں امن اور استحکام کیلئے امریکہ ٗ پاکستان کی نئی سول حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں جنوبی ایشیاء بیورو کی سربراہ ایلس ویلس نے پاکستانی سفارت خانے میں تقریب سے خطاب کے دوران نہ صرف عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی تھی بلکہ ان کی حکومت کے ساتھ مل کر مشکل معاملات کو حل کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔اسی طرح کے ایک پیغام میں امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیکل پومپیو نے اپنے نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس میں ‘سیکیورٹی، استحکام اور جنوبی ایشیا میں خوشحالی کے مشترکہ اہداف کا حصول شامل تھا۔