لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف بننے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے مشورہ دیا کہ شہباز شریف کا اپوزیشن لیڈر کے طور پر کردار جمہوریت کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔ جس پر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بننے کا بڑا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کو پنجاب میں حکومت سازی کا موقع ملا تو وزارتِ اعلی کا امیدوار کوئی اور
ہو گا۔(ن) لیگ کی جانب سے پنجاب کی وزارتِ اعلی کیلئے کوششوں اور کاوشوں کے ساتھ امیدوار کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ پنجاب کی وزارتِ اعلی کے لئے حمزہ شہباز کا نام بھی لیا جانے لگا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا تو قائد حزب اختلاف خواجہ سعد رفیق بنیں گے۔ (ن) لیگی قیادت کا کہنا ہے کہ سسٹم کو غیر مستحکم نہیں ہونے دیں گے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔