لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ پرسوں سنایا جائے گا تاہم نواز شریف فیصلے کے دن عدالت میں پیش نہیں ہوں گے ۔ 10جولائی کے بعد ان کی وطن واپسی کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6جولائی کو سنایا جائے گا ۔اس ضمن میں احتساب عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں ۔
عدالت نے ملزمان کو خصوصی طور پر عدالت میں حاضر رہنے کی ہدایت کی ہے تاہم اس روز نواز شریف اور مریم نواز کی پیشی کا کوئی امکان نہیں ہے۔مسلم لیگ کی قیادت 10جولائی کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی پر غور کر رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے لندن میں واپسی کے حوالے سے مشاورت مکمل ہو چکی اور لندن میں موجود پارٹی کے سینئر رہنما سید مشاہد حسین اور سینیٹر پرویز رشید وطن واپس پہنچ چکے ہیں جو یہاں موجود پارٹی لیڈر شپ کو لندن مشاورت اور فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔