اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے اپنے سسر ن لیگی رہنما ظفر علی شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت کے لئے تیار کر لیا، ظفر علی شاہ پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت پانچ جولائی کو کریں گے جبکہ کپتان نے اسد عمر کو ہٹا کر زلفی بخاری کو این اے 53 کا انچارج بھی مقرر کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ظفر علی شاہ 5 جولائی کو پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ظفر علی شاہ کی شمولیت کی تقریب اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ جس میں عمران خان شرکت کریں گے۔ ظفر علی شاہ سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر کافی عرصے سے ن لیگ کی قیادت سے نالاں تھے۔ ذرائع کے مطابق ظفر علی شاہ حلقہ این 53 اسلام آباد میں عمران خان کی انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کرینگے کیونکہ کپتان نے اسد عمر کو ہٹا کر زلفی بخاری کو این اے 53 کا انچارج بھی مقرر کر دیا۔یاد رہے کہ ظفر علی شاہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رہنما تھے جوپرویز مشرف اور بعد میں پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں مختلف نیوز چینلز پر مسلم لیگ ن کی نمائندگی کرتے رہے لیکن اپنے حقیقت پسندانہ اور بے لاگ موقف کے باعث وہ پارٹی کے بعض حلقوں میں نا پسندید ہ قرار دیئے جاتے تھے ۔بلدیاتی الیکشن کے موقع پر وہ اسلام آباد کی میئر شپ کے امیدوار بھی تھے لیکن وہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نہ ہونے کے باعث اسلام آباد کے میئر نہ بن سکے ۔ اس حوالے سے ان کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کچھ افراد نے ان کی شکست میں کردار ادا کیا تھا ۔