لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ سینئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا اور وطن واپس آکر دونوں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیرغور ہے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد کل نواز شریف کی ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات ہوگی۔واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔کلثوم نواز کو گزشتہ ماہ 14 جون کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا اور اب تک وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ اہلیہ کی عیادت کے لیے 14 جون کو لندن پہنچے تھے، جہاں ہیتھرو ایئرپورٹ پر انہیں بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا، جس کے بعد سے نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہی مقیم ہیں اور انہوں نے احتساب عدالت میں جاری نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ لے رکھا ہے۔دو روز قبل میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا تھا کہ ان کی پاکستان واپسی کا فیصلہ والدہ کی صحت سے مشروط ہے لیکن وہ جلد وطن واپس جائیں گے۔