اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ٹکٹ دینے کا مرحلہ عذاب تھا ٗ ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا ٗ آئندہ پارٹی الیکشن لڑ کر آنے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دینگے ٗمقابلے میں کسی کو کمزور نہ سمجھو ٗ جب زر داری اور نوازشریف آئے تو ڈالر 60روپے تھا ٗ اس وقت ڈالر 125روپے ہوگیا ہے ٗ دس سالہ دور میں قرضہ 27ہزار ارب روپے بڑھ گیا ٗ
جن کا جینا مرنا پاکستان کیلئے نہیں ان کو ووٹ مت دینا ٗ اقتدار میں آئے تو سب سے ٹیکس اکٹھا اور کرپشن ختم کرینگے ٗ پورے ملک میں درخت لگائینگے ٗ 23 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرینگے ۔ہفتہ کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج ہماری جتنی تیاری ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔عمران خان نے کہاکہ الیکشن لڑنے کا پہلا اصول یہ ہے کہ مخالف امیدوار کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے۔عمران خان نے کہا کہ 4000 ہزار لوگوں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تاہم ابھی تک صرف 650 لوگوں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا ٗکئی اچھے امیدوار تھے مگر کسی ایک کو ٹکٹ دینا تھا۔انہوں نے کہاکہ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، کبھی ایسے عذاب سے نہیں گزرا، خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا میں دوبارہ اس میں نہیں پڑناچاہتا۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جو بھی کرتے لوگوں نے مایوس ہونا تھا ،کچھ ناراض لوگ میرے گھر آئے ،بعض نے میڈ یا پر بیانات دئیے ۔عمران خان خان نے کہا کہ اگر بیس رکنی ٹیم کا سکواڈ ہواور میدان میں 11کھلاڑی اتریں تو باقی نو کھلاڑیوں کو مایوسی ہوتی ہے ،ایک مرتبہ لاہور میں انڈر 19کی ٹیم میں مجھے ایک میچ کھلا کر باہر کردیا گیا تو میں نے بھی ایک سال تک خود سے زیادتی کی باتیں کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا اور جو تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنان پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جب کوئی جماعت اقتدار میں آتی ہے تو پھر ایسے لوگوں کو بھی پاکستان کیلئے کردار ادا کرنے کا موقع ملتا ہے اور تحریک انصاف کے نظریاتی لوگوں کو بھی موقع ملے گا ۔عمران خان نے کہاکہ آئندہ پارٹی الیکشن لڑ کر آنے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے ان خواتین کو ٹکٹ دیے جو ایوان میں جا کر قانون سازی کر سکیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو نظریاتی کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، ہمیں ان خواتین کو بھی ٹکٹ دینا تھا جو قانون جانتی ہوں اور اسمبلی میں پارٹی کی نمائندگی کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد پارٹی میں بھی الیکشن کرائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ 21 سال کھیلوں کے گراؤنڈ میں مقابلہ کرنا سیکھا، مقابلے کا پہلا اصول، مخالف کو کبھی کمزور نہ سمجھو، ہماری تیاری ہے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
عمران خان نے (ن )لیگ کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں یہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے لیکن اس کے باوجود یہ ملک بھر میں رو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قید آدھے لوگوں کا تو جرم صرف یہ ہے کہ وہ غریب ہیں، ان کے پاس دولت اور طاقت بھی ہے، کوئی کمزور آدمی ہوتا ہو اڈیالہ میں پڑا ہوتا۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کے ایک فرد کیلئے پاکستان میں ہسپتال ٹھیک نہیں، پہلے سمدہی بستر پر ایسے پڑا تھا جیسے اللہ کے پاس جانے لگا تھا ٗ
اسحاق ڈار کی بستر پر شکل دیکھ کرلگا جیسے تھوڑے دنوں کا مہمان ہے ٗمجھے اسحاق ڈار کی شکل دیکھ کر بڑا ترس آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے داماد کا نیب میں کیس آیا تو وہ بھی بھاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زر داری بھی جہاز پکڑ کر دبئی بھاگ جاتا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف 32 ایف آئی آر درج کروائی گئیں، میرے ساتھ ایسا ہوا توعام آدمی کیساتھ کیا سلوک ہوگا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موٹر وے بنا لیکن دگنی قیمت پر، آدھا پیسہ یہ لوگ کھا گئے،
لندن جائیداد کے علاوہ بھی شریف خاندان کی مزید جائیدادیں سامنے آگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری کے کاروبار باہر ہیں، ان لوگوں کا علاج بھی باہر ہوتا ہے، جب زرداری اور نواز شریف آئے تو ڈالر 60 روپے کا تھا، اس وقت ڈالر 125 روپے کا ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور نواز شریف کے 10 سالہ دور میں قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھ گیا، ان دونوں نے ملک کو مقروض کر کے رکھ دیا گیا، مجھے بتائیں یہ 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے اترے گا؟
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان کیلئے نہیں ان کو ووٹ مت دینا ٗ جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں؟انہوں نے کہاکہ ڈالر جب بڑھتا ہے تو روپے کی قیمت کم ہو جاتی ہے ٗ اگر یہی پیسہ باہر بینکوں میں ہوتا ہے تو یہ پیسہ بڑھتا جاتا ہے، ان لوگوں کا پیسہ تو باہر پڑا ہے جو بڑھ رہا ہے انہیں کیا تکلیف ہے۔عمران خان نے کہاکہ ہمیں حکومت میں آنے کا موقع ملا تو سب سے پہلے ٹیکس اکٹھا کرینگے ٗ ایف بی آ رکو ٹھیک کرینگے اداروں کو ٹھیک کر نا ہمارا عزم ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ اقتدار ملا تو سب سے پہلے کرپشن کو ختم کر نے کیلئے اقدامات اٹھائینگے چھوٹی کرپشن کو ختم کر نے میں کچھ وقت لگے گا تاہم پہلے دن سے ہی کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانا شروع کر دینگے ۔ملکی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت میں پانی نہیں ہے جس کے پاس پیسہ اس کے پاس پانی ہے ٗیونیسف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو لاکھ بچے گندا پانی پینے کیوجہ سے مرتے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے 10 سالوں میں 6 ہزار ارب روپیہ خرچ کیا،
شہبازشریف بتائیں، کتنے ہسپتال، کتنی عالمی معیار کی یونیورسٹیاں بنائیں، کتنے لوگوں کوصاف پانی دیا؟ صاف پانی کمپنیوں میں کرپشن سامنے آئی، اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، ڈیڑھ لاکھ پرائیویٹ سکولوں کے بچے خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں واپس گئے۔ خیبرپختونخوا میں غریب خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے گئے۔ اسی ملک سے 8 ہزار ارب روپے اکٹھا کرکے دکھاؤں گا۔ جب خیبرپختونخوا میں درخت لگائے تومذاق اڑایا گیا ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے درخت لگائے، درخت نہ ہونے کیوجہ سے گرمی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اللہ 25 جولائی کو ہمیں موقع دیں اسی سال پورے ملک میں درخت لگانا شروع کر دیں گے۔عمران خان نے 23 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کرنے کا اعلان بھی کیا ۔