لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دن ملک میں افراتفری پیدا کرنے ،جلسے جلوسوں میں لڑائی جھگڑے کرانے اور مذہبی و لسانی فساد پھیلانے کیلئے را ،موساد،این ڈی ایس اور سی آئی اے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہوگیا ۔فسادات کیلئے پی ٹی ایم، کالعدم تنظیموں، ایم کیو ایم لندن اور بلوچستان کی باغی تنظیموں کو استعمال کیا جانا تھا۔روزنامہ 92 کے لاہور سے رپورٹر رانا محمد عظیم کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے تین ارب روپے کی باقاعدہ فنڈنگ کی گئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں ایم کیو ایم لندن اور چھ بڑے کریمنل گروپوں ،پنجاب میں تین کالعدم گروپوں ،سترہ کریمنل گروپوں اور افغان ٹرینڈ بوائز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔کے پی کے اور بلوچستان میں پی ٹی ایم اور طالبان مفرور گروپوں کے ذریعے یہ کام کرائے جانے کی پلاننگ کی گئی تھی ۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ بھی اس منصوبے کا حصہ ہے جبکہ غیر ملکی ایجنسیوں نے فسادات کیلئے ایسے گروپوں کو بھی تیار کر رہے تھے جو کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے روپ میں ایک دوسرے پر دفاتر اور جلسے جلوسوں پر حملہ کرتے ہیں اسی طرح مذہبی جماعتوں کے اندر بھی اپنے لوگوں کو بھیجنے کی سازش کی گئی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خوفناک سازش کے پیچھے کام کرنے والی غیر ملکی ایجنسیوں میں باقاعدہ اس کام کیلئے منظور پشین کے ساتھیوں سمیت کئی اور افراد کو ٹریننگ بھی دی تھی ۔ ایسے بھی حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جانی تھی کہ جلسوں میں حساس اداروں کیخلاف نعرے بازی ہوتی اور اس پر فسادات ہوتے اور پھر انہی گروپوں کے لوگ سرکاری وردیاں پہن کر فائرنگ کر تے اور یہ پروپیگنڈا کیا جاتا کہ اہم سرکاری اداروں کے ذمہ داران نے قتل وغارت کرائی ہے تا کہ اداروں کے خلاف بھی نفرت پیدا ہو سکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی تیار کیا گیا تھا جبکہ تین غیر ملکی میڈیا ہاؤسز کو بھی فنڈنگ کی گئی تھی ،جہاں سے پراپیگنڈا کو تیز کیا جانا تھا ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے اس گھناؤنی سازش کا علم ہونے پر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔