اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سینٹ کی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی سینٹ کی رکنیت سپریم کورٹ کے حکم پر معطل کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے 8 مئی کو سابق وزیر خزانہ کی سینٹ کی رکنیت عبوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اپنے گھر کی تعمیر کے لیے سڑک نکالنے کا کیس بھی زیر سماعت ہے تاہم وہ علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور انہوں نے اپنی میڈیکل رپورٹس عدالت کو بھجوا رکھی ہیں۔واضح رہے کہ ان کی حال ہی میں لندن کی سڑکوں پر گھومنے کی ایک ویڈیو سامنے آچکی ہے ۔