اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے نوازشریف کے متنازع بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وضاحت طلب کی جائیگی،وہ بتائیں کہ وہ نوازشریف کے بیانیے کیساتھ ہیں یا پاکستان کیساتھ؟۔تحریک انصاف اس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی اور اپنے 4مطالبات سے متعلق اپوزیشن رہنماؤں کو قائل کرے گی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف نے جو کہا اس میں غلط کیا ہے،نوازشریف بتائیں اس بیان کی ضرورت کیا تھی؟۔انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے انٹرویو کو اچھالا،نوبت یہاں تک پہنچی کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا پڑا،نوازشریف نے یہ اعلامیہ مسترد کردیا،پورے ملک میں ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کے بیان سے بھارت کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے،اس بیان پر حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2دنوں سے نوازشریف کا متنازع بیان موضوع بحث بنا ہوا ہے۔نواز شریف کا بیان افسوسناک ہے،فضل الرحمان سمیت سب اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف پاکستان کو بدنام کرنیکا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے،ان کے بیان سے ہم گرے لسٹ سے بلیک لسٹ کی جانب جارہے ہیں۔اس کے علاوہ ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریاست اوراداروں کیساتھ ہمدردی نہیں،ملک کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دار نوازشریف ہیں،وہ کسی طریقے سے پاناما کے فیصلے کو روکنا چاہتے ہیں،نوازشریف اس وقت تمام معاملات میں اپنے آپ کو بچانے کیلئے سارا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔