اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا پاک فوج کی گاڑی پر حملہ، 7جوان شہید، جرمن خبررساں ادارے ڈی ڈبلیو نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں طالبان دہشتگردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر حملہ کر کے 7جوانوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ حملہ آور واپس افغانستان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ حملے کے کئی گھنٹے بعد پاکستانی طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس
حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی فوج گزشتہ کئی برسوں میں پاکستان کے قبائلی علاقوں سے عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے ملٹری آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس آپریشن کے نتیجے میں جنوبی اور شمالی وزیرستان کے 90 فیصد سے زائد علاقے کو شدت پسندوں سے پاک کیا جا چکا ہے تاہم اب بھی وہاں کبھی کبھار عسکریت پسندوں کی طرف سے ایسی کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔پاکستانی فوج افغانستان کے ساتھ ملنے والی سرحد پر باڑ بھی تعمیر کر رہی ہے ۔