جمعہ‬‮ ، 15 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کیلئے10 نکاتی ایجنڈے کا اعلان کردیا ،کر اچی کے الہ دین پارک میں عوامی جلسہ سے خطاب

datetime 12  مئی‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کیلئے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں طاقتور میئر لانا پہلا، سرکاری سکولوں کو ٹھیک کرنادوسرا ، صحت کا نظام بہتر کرنا ، پولیس کا نظام بہتر کرنا چوتھا ، شہر کے کاروباری حلقہ اور صنعتکاروں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی پانچواں ، بجلی کا نظام کی درستگی چھٹا ،نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے گراؤنڈ بنانا ساتواں، کراچی کے ماحولیاتی نظام کی بہتری آٹھواں،سیوریج سسٹم کی بہتری ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی نواں اور سرکلر ریلوے کا نظام لانا دسواں نکتہ ہے ،

نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا ہے تھوڑے دنوں میں وہ اڈیالہ جیل سے تقریریں کرے گا ، نواز شریف نے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث لوگ پاکستان سے گئے تھے ، پوچھتا ہوں چار سال وزیراعظم رہنے کے باوجود ان مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ، وہ مودی کی زبان بول رہاہے، نواز اور زرداری ذاتی مفاد کے لئے ملک کو بھی تباہ کر سکتے ہیں ، فوج نے ماضی میں غلط کام کئے تھے جس پر میں نے سب سے زیادہ تنقید کی تھی کہ فوج کو قبائلی علاقوں میں نہیں جانا چاہیے ،جب فوج کو اپنے لوگوں پر حملے کا حکم دے گی تو وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو ہو گی ، فوج کی مخالفت پرمجھے طالبان خان کہا گیا، آج پشتون تحفظ موومنٹ وہی باتیں کہہ رہی ہے جو پہلے میں کہتا تھا ، ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں،کرپشن پر قابو پائے بغیرملک ٹھیک نہیں ہو سکتا، بے بی بلاول کہتا ہے عمران کو ووٹ نہ دینا ورنہ یہ دوسرا الطاف بن جائے گا ،بے بی بلاول اپنے والد سے پوچھو راؤ انوار نے نقیب اللہ کو قتل کیوں کیا ، ہم سندھ میں پولیس کا نظام ٹھیک کرینگے تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔وہ ہفتہ کو یہا ں کراچی کے الہ دین پارک میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس شاندار استقبال پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ آج میں آپ کے سامنے کراچی کے لوگوں کے لئے دس نکات ر کھے ہیں جن سے اس شہر کو عظیم شہر بنایاجائے گا ۔

آپ پاکستان کے سب سے زیادہ باشعور لوگ ہو ، پاکستان کی سب تحریکیں یہی سے شروع ہوئی تھیں ۔ پاکستان کے مسائل کے لئے سب سے پہلے کراچی کے لوگ آواز اٹھاتے تھے ۔ یہ منی پاکستان ہے اور فنانشل حب ہے ۔ کراچی کو چھینک آئے تو پاکستان کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ میری زندگی سے آپ نے یہ سیکھنا ہے کہ بڑی سوچ رکھوں بڑے خواب دیکھو ۔ میرے سے زیادہ ٹیلنٹ والے لوگ بھی موجود تھے مگر میں کامیاب اس لئے ہوا کیونکہ میری سوچ بڑی تھی ۔ میں نے زندگی میں کبھی ناکامی کا سوچا ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کا سب سے بہترین آل راؤنڈر رہا ہوں ۔ ٹیم کا کپتان بن کر ورلڈ کپ لانے کا خواب دیکھا اور اس خواب کو پورا کیا ۔

ہسپتال بنانے میں نو سال لگے مگر کامیاب ہوا ۔ میانوالی کے دیہات میں نمل یونیورسٹی بنائی ۔ سیاسی پارٹی بنانے پر بھی دس سال تک تنقید کا نشانہ بنتا رہا مگر میں نے ہمت نہیں ہاری ۔ عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کو بھی بڑے خواب دیکھنے چاہیے ۔ پاکستان کو بڑے خواب دیکھنے والے علامہ اقبال کی سوچ پر بنایا گیا ۔آپ جو چاہیں بن سکتے ہیں مگر اس حساب سے اپنے خوابوں کو وسیع کرنا ہو گا ۔ ایوب خان امریکہ گیا تو وہاں کا صدر اس کو ائیر پورٹ پر لینے آیا ۔ میں انگلینڈ میں یونیورسٹی میں پڑھتا تھاسارا یورپ بنا پاسپورٹ کے پھرا ۔ آج ہمارے وزیر اعظم کے امریکہ کے ائیر پورٹ پر کپڑے اتارے گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں ۔

خدا نے ہمیں موقع دیا ہے ہم اس موقع پر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔ یہ قائد کا پاکستان نہیں ہے ۔ ہمیں مہاجر پٹھان سندھی کی تقسیم ختم کرنی ہو گی ۔ میرے سامنے کراچی تباہ ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کے شیخ کراچی میں چھٹیاں منانے آیا کرتے تھے ۔ رات کے وقت بھی کراچی کی سڑکوں پر لوگ بلا خوف و خطر پھرا کرتے تھے ۔ پاکستان کو تباہ کرنے والا لندن میں بیٹھا ہوا ہے ۔ اندرون سندھ دنیا کا غریب ترین علاقہ بن چکا ہے ۔ یہاں ایک چھوٹا طبقہ امیر ترین ہے ۔سندھ کے حکمران خود تو بہت امیر ہیں مگر غریب مر رہے ہیں ۔ یورپ اور سکینڈی نیون ممالک میں جو جانوروں کے حقوق ہیں یہاں وہ حقوق انسانوں کو بھی نہیں ملتے ۔

یہاں لوگ گندے پانی کے ساتھ چھوٹی چھوٹی جھگیوں میں رہتے ہیں ۔ صاحب اقتدار یہاں بے حس ہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جہاں غریبوں کے سمندر میں تھوڑے سے امیر ہوں وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا ۔ چائنہ نے 30 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے ۔ مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبی اکرم محمدؐ نے دنیا کی تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی ۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں ہمیں کرپشن پر قابو پانا ہے ورنہ یہ ملک کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتا ۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور حمزہ شریف کہتے ہیں کہ اگر ہم کرپشن روکیں گے تو ملک کی ترقی رک جائے گی۔ چائنہ نے 420 وزیر اور 12 لاکھ گورنمنٹ ملازمین کرپشن پر نکال باہر کیے ۔

سنگا پور اورملائیشیاء نے بھی کرپشن پر قابو پانے کے بعد ترقی کی ہے ۔ مجھے مہاتیر محمد نے کہا کہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے وزیر اعظم اور وزیر کرپشن میں ملوث رہیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ نیب جس صوبے میں بھی کرپشن پر ہاتھ ڈالتی ہے یہ لوگ شور ڈال دیتے ہیں ۔ نیب نے تو میرے اوپر بھی کیسز بنائے ہیں مگر مجھے تو کوئی ڈر نہیں لگ رہا ۔ نیب ہمارے وزراء کو کرپشن پر پکڑے تو ہم ان لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں سکول میں تھا تو تب ہمارے ادارے مضبوط تھے اور ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا مگر آہستہ آہستہ ادارے سیاسی مداخلت سے تباہ کر دیئے گئے اور ملک تنزلی کی طرف گامزن ہو گیا ۔

نواز شریف اور زرداری نے ملک کے ادارے برباد کر دیئے ۔ ہم الیکشن جیت کر کرپشن پر قابو پائیں گے ۔ صرف دبئی میں پاکستانیوں نے 8 ارب ڈالر کی جائیدادیں خریدی ہیں ۔ ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے ۔ زرداری اور نواز شریف خود منی لانڈرنگ کرتے ہیں اس لئے ان کو کیسے روکیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں پانی ہی نہیں ہے ۔ یہاں کرپشن مافیا ، لینڈ مافیا ، کسٹم مافیا اور پانی مافیا بیٹھی ہوئی ہے ۔ ان کے تعلقات اوپر تک ہیں ۔ ہم سب سے پہلے کراچی کا ایڈمنسٹریشن سسٹم تبدیل کرینگے اور پھر پورے ملک کا ایڈمنسٹریشن کا نظام بدلیں گے ۔ ہم باہر آدمی کو لے کر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہم نے گاؤں کی سطح تک اختیارات دیئے ۔

کراچی میں طاقتور میئر لانا ہماراپہلاپوائنٹ پر ہو گا ۔ ہمارا دوسرا پوائنٹ گورنمنٹ سکولوں کو ٹھیک کرھنا ہے ۔ یہاں کے 70فیصد بچے پرائیویٹ سکولوں میں پڑھتے ہیں ۔ پختونخوا میں ڈیڑھ لاکھ بچہ پرائیویٹ سکولوں سے گورنمنٹ سکولوں میں آیا ۔ یہاں پر اعلی معیار کی یونیورسٹیز بنائیں گے ۔ عمران نے کہا کہ کراچی کے لئے ہمارا تیسرا نکتہ ہے کہ ہم یہاں صحت کا نظام بہتر کریں گے ۔ ہم نے کے پی کے میں بھی صحت کا نظام بہتر کیا ہے ۔ ہم یہاں کے سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ سکولوں کے ماڈل پر بنائیں گے ۔ ہمارا چوتھا نکتہ ہے کہ ہم یہاں کا پولیس کا نظام بہتر کرینگے ۔ راؤ انوار جیسے پولیس افسر ہیں جنہوں نے 440 لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے ۔

اس نے نقیب جیسے نوجوان قتل کروائے ۔ ہم کراچی میں بہترین پولیس کا نظام لائیں گے ۔ پنجاب میں 1997,1998 میں 870 لوگوں کو شہباز شریف کے کہنے پر عابد باکسر نے قتل کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے بی بلاول کہتا ہے عمران کو ووٹ نہ دینا ورنہ یہ دوسرا الطاف بن جائے گا ۔ بے بی بلاول اپنے والد سے پوچھو راؤ انوار نے نقیب اللہ کو قتل کیوں کیا ۔ ہم پولیس کا نظام ٹھیک کرینگے تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لئے ہمارا پانچواں نکتہ ہے کہ ہم یہاں کے کاروباری حلقہ اور صنعتکاروں کو مطمئن کرتے ہیں کہ ہم ان کے لئے یہاں خوشگوار ماحول قائم کرینگے ۔ چھٹا نکتہ ہے کہ ہم یہاں کا بجلی کا نظام درست کرینگے ۔

حکومت کا کام ہے کہ لوگوں کو بجلی دے ۔ ہم آپ کو سستی بجلی بھی دلوائیں گے ۔ ساتواں نکتہ ہے کہ ہم نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے گراؤنڈ بنائیں گے ۔ کراچی نے ہمیں بڑے بڑے سٹار دیئے ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں ہم نے 100 نئے گراؤنڈ بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھواں نکتہ ہے کہ ہم کراچی کے ماحولیات کا نظام بہتر کرینگے ۔ کراچی گلوبل وارمنگ میں ساتویں نمبر پر ہے ۔ ماحولیات کے لئے ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخست لگائے ہیں ۔ ہم کراچی میں درخت لگائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں بھی درخت لگائیں گے ۔ نواں نکتہ ہم یہاں سیوریج کا نظام بہتر کریں گے ۔ ہم پینے کا صاف پانی مہیا کریں گے ۔ دسواں نکتہ کراچی کے لئے سرکلر ریلوے کا نظام لائیں گے ۔

اس سے کراچی میں ہیوی ٹریفک کا حل نکل سکتا ہے نوجوانوں کے لئے روزگار کا انتظام کریں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا ہے تھوڑے دنوں میں وہ اڈیالہ جیل سے تقریریں کرے گا ۔ نواز شریف نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث لوگ پاکستان سے گئے تھے میں اس سے پوچھتا ہوں کہ چار سال نواز شریف وزیراعظم رہا تب اس نے ان مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ۔ نواز اور زرداری ذاتی مفاد کے لئے ملک کو بھی تباہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ماضی میں غلط کام کئے تھے اس پر میں نے سب سے زیادہ تنقید کی تھی کہ فوج کو قبائلی علاقوں میں نہیں جانا چاہیے ۔ جب فوج کو اپنے لوگوں پر حملے کا حکم دینگے تو وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو ہو گی ۔ جب میں نے فوج کی مخالفت کی تو مجھے طالبان خان کہا گیا آج پشتون تحفظ موومنٹ وہی باتیں کہہ رہی ہے جو پہلے میں کہتا تھا ۔ فرق یہ ہے کہ میں اپنے لوگوں کے لئے کھڑا تھا فوج کے خلاف تو نہیں تھا ۔

موضوعات:



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…