ملتان (نیوز ڈیسک)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے قائدین ایک ٹکٹ پربک گئے، اکیلا صوبہ حاصل کرنے کی جنگ لڑونگا ، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے اسمبلیوں میں فوری کمیشن بنائے جائیں ٗنیب نے نواز شریف پر 4.5بلین ڈالرز کا الزام لگا کر سنگین غلطی کی، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے ٗآنے والا وقت نوازشریف کیلئے مزید مشکل ہوگا۔
بدھ کو ملتان میں اپنی رہائشگاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب کی لمبی عمرکیلئے دعاگو ہوں،انہیں چاہیے تھا کہ سفارش کرنے پر اپنے داماد کو سزا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمیشہ سول وزیراعظموں کو سزادی۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ 50 محب وطن اراکین اسمبلی پہلے سے منتخب ہو چکے ہیں، اب صوبہ محاذ والے بھی ساتھ شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والوں نے صرف نعرہ لگایا ہے، صوبہ محاذ کے قائدین ایک ٹکٹ پر بک گئے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے اسمبلیوں میں فوری کمیشن بنائے جائیں جنوبی پنجاب محاذ نے تباہی پھیلائی ہے میں اکیلا صوبہ حاصل کرنے کی جنگ لڑونگا۔ ملک کی ترقی کے لئے زیادہ صوبوں کا ہونا ضروری ہے بھارت 7 صوبوں کا ملک تھا اب 29 صوبے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب 12 کروڑ آبادی رکھنے والا دنیا کا واحد صوبہ ہے۔ایک سوال پر انہوں نے پیشنگوئی کی کہ آنے والا وقت شریف خاندان کے لیے مزید مشکل ہو گا، نواز شریف مشکل میں ہیں اس لیے ان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو کہا تھا کہ آپ کو سب چھوڑ جائیں گے،جاوید ہاشمی کھڑا رہے گا۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ سب سے پہلے نیب کا احتساب ہونا چاہیے۔ نیب نے چار اعشاریہ پانچ (4.5) بلین ڈالرز ملک کے ایک نامور سیاستدان کے ذمے لگادئیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے نواز شریف پر الزام لگا کر سنگین غلطی کی، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ تصدق جیلانی کے بعد نئے چیف جسٹس ناصرالملک اسمبلیاں تحلیل کرادیں گے۔