اسلام آباد (یوا ین پی)قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کی میڈیا رپورٹس پر نوٹس لے کر جانچ پڑتال کا حکم دیدیا۔نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یہ رقم مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائی گئی تھی۔ اعلامیے کے مطابق بھارتی حکومت کے سرکاری خزانے میں 4.9 ارب ڈالر کی خطیر رقم بھجوائی گئی،
جس سے بھارتی حکومت کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے اور اس اقدام سے پاکستان کو نقصان ہوا۔مزید کہا گیا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس بک 2016 میں موجود ہے۔واضح ہے کہ نیب اعلامیے میں ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے، لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ رپورٹ کب اور کہاں شائع ہوئی۔یہ بھی واضح رہے کہ ابھی تک یہ ایک الزام ہے اور اس کی حقیقت تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔